Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹی20 میچ: پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ڈبلن میں مدمقابل

ویزا مسائل کے باعث ٹیم کے ساتھ آئرلینڈ روانہ نہ ہونے والے محمد عامر پہلے ٹی20 میچ میں حصہ نہیں لیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیمیں 15 برس کے طویل عرصے کے بعد جمعے کو ڈبلن کے کاسل ایوینیو سٹیڈیم میں ٹی20 میچ کھیلیں گی۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان اب تک صرف ایک ٹی20 میچ کھیلا جا چکا ہے جس میں پاکستان نے 39 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دونوں ٹیموں نے یہ میچ 2009 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔
آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عرفان خان نیازی، صائم ایوب، عثمان خان، آغا سلمان، عماد وسیم، شاداب خان، عباس آفریدی، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، محمد عامر، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
دوسری جانب ویزا مسائل کے باعث ٹیم کے ساتھ آئرلینڈ روانہ نہ ہونے والے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ٹی20 میچ میں حصہ نہیں لیں گے۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز بالترتیب 22، 25، 28 اور 30 مئی کو کھیلے جائیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوران ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سیریز کے بعد ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکہ اور ویسٹ انڈیز روانہ ہو گی۔

شیئر: