Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر ایئر ویز کی ڈبلن جانے والی پرواز ایئر ٹربیولنس کا شکار، 12 افراد زخمی

واقعے کے حوالے سے انٹرنل انویسٹی گیشن کی جا رہی ہے ( فائل فوٹو: روئٹرز)
ڈبلن ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ’ دوحہ سے آئر لینڈ جانے والے قطر ایئر ویز کے طیارے میں بارہ افراد ایئرٹربیولنس(غیر متوازن پرواز) کے دوران زخمی ہو گئے۔‘
بوئنگ 786 ڈریم لائنز کی پرواز کیو آر017 نے دوپہر ایک بجے سے کچھ پہلے بحفاظت اور شیڈول کے مطابق لینڈنگ کی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’لینڈنگ کے بعد ایئرپورٹ پولیس اور فائراینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ سمیت ایمرجنسی سروسز کو طیارے میں بارہ افراد جس میں چھ مسافر اور عملے کے چھ ارکان شامل ہیں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی۔ ترکیہ کے اوپر دوران پرواز طیارے کو ایئرٹربیولنس کا سامنا کرنا پڑا۔
آئرش نشریاتی ادارے آر ٹی ای نے ڈبلن ایئرپورٹ پہنچنے والے مسافروں کے حوالے بتایا ’ایئر ٹربیولنس کا دورانیہ 20 سیکنڈ سے بھی کم عرصے تھا اور فوڈ سروسز کی فراہمی کے دوران پیش آیا۔‘
قطر ایئرویز نے سکائی نیوز کو بتایا’مسافروں اور عملے کے ارکان معمولی زخمی ہوئے۔ انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ مسافروں اورعملے کی سیفٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔‘
قطر ایئرویز کا کہنا ہے’ واقعے کے حوالے سے انٹرنل انویسٹی گیشن کی جا رہی ہے۔‘
یاد رہے کہ پانچ دن قبل لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والی سنگاپور ایئرلائنز کی فلائٹ SQ321 کو دوران پرواز فضا میں شدید جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد طیارے کو بینکاک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ ایک واقعہ میں ایک مسافر ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے۔
امریکہ کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی جانب سے 2001 میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ایئرلائنز کے حادثات میں ایئرٹربیولنس(غیر متوازن پرواز) کے واقعات سب سےعام ہیں۔
2009 سے 2018 کے دوران ایئرلائنز کے حادثات میں ایئرٹربیولنس ایک تہائی سے زیادہ حادثات کا سبب بنی۔ ان میں ایک یا زیادہ افراد زخمی ہوئے لیکن طیاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

شیئر: