انڈونیشیا میں تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا، 10 مسافر تاحال لاپتہ
انڈونیشیا میں تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا، 10 مسافر تاحال لاپتہ
اتوار 18 جنوری 2026 10:38
انڈونیشیا کے مشرقی حصے سے سنیچر کو لاپتہ ہونے والے ایک چھوٹے مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا ہے تاہم جہاز میں سوار 10 افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کے حکام نے اتوار کو تصدیق کی ہے کہ انڈونیشین ایئر ٹرانسپورٹ کا یہ ٹربوپروپ طیارہ سنیچر کی دوپہر اس وقت لاپتہ ہوا تھا جب وہ یوگیاکارٹا سے جزیرہ سولاویسی کے شہر مکاسر جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق پرواز کے دوران اچانک اس کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہو گیا تھا۔
مکاسر کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ محمد عارف انور نے میڈیا کو بتایا کہ مشترکہ امدادی ٹیموں کو ملبے میں طیارے کا ڈھانچہ، دم کا حصہ اور کھڑکیاں ملی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ طیارہ بانٹیمورونگ-بولوسارونگ نیشنل پارک میں واقع ماؤنٹ بولوسارونگ سے ٹکرایا ہے جو مکاسر شہر کے قریب واقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان کی اولین ترجیح جہاز میں سوار مسافروں اور عملے کو تلاش کرنا ہے اور وہ پرامید ہیں کہ شاید کچھ لوگوں کو بحفاظت نکال لیا جائے۔
لاپتہ مسافروں کی تلاش کے لیے جاری اس وسیع تر امدادی مہم میں فضائیہ، پولیس اور رضاکاروں سمیت ایک ہزار سے زائد افراد حصہ لے رہے ہیں۔
مقامی فوجی سربراہ بانگن ناووکو کے مطابق خراب موسم، شدید دھند اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لاپتہ ہونے والوں میں وزارتِ سمندری امور اور ماہی گیری کے تین سرکاری ملازمین اور عملے کے سات ارکان شامل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
لاپتہ ہونے والوں میں وزارتِ سمندری امور اور ماہی گیری کے تین سرکاری ملازمین اور عملے کے سات ارکان شامل ہیں۔
وزیرِ امورِ ماہی گیری ستیہ واہیو ترینگونو نے بتایا کہ یہ ٹیم علاقے میں قدرتی وسائل کی فضائی نگرانی کے مشن پر تھی۔
انڈونیشیا ہزاروں جزیروں پر مشتمل ایک ملک ہے جہاں نقل و حمل کے لیے فضائی سفر پر بہت زیادہ انحصار کیا جاتا ہے لیکن ملک کا ایئر سیفٹی کا ریکارڈ کافی حد تک غیرتسلی بخش رہا ہے۔
حالیہ برسوں میں یہاں کئی جان لیوا فضائی حادثات پیش آ چکے ہیں۔ گزشتہ برس ستمبر میں بھی جنوبی کالیمانٹن میں ایک ہیلی کاپٹر گرنے سے اس میں سوار تمام آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ اسی ماہ پاپوا کے دور افتادہ علاقے میں ایک اور ہیلی کاپٹر حادثے میں چار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔