Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڑک کنارے کھڑے ہو کر ’نازیبا‘ گانوں پر ڈانس کی ویڈیو، قصور میں ٹک ٹاکر گرفتار

پولیس کے مطابق ملزم جعفر میو کو شاہراہِ عام پر نازیبا ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر گرفتار کیا گیا (فوٹو: فیس بُک)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں ’نازیبا‘ گانوں پر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس نے ایس ایچ او افتخار بخاری کی سربراہی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض مواد اپلوڈ کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ’ملزم جعفر میو گرو کی جھگیاں کا رہائشی ہے اور اس نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے نازیبا گانے پر ڈانس کی ویڈیو اپلوڈ کی تھی۔‘
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے ایک شخص بظاہر سڑک پر دھوتی پہن کر نہاتے ہوئے پنجابی گانے پر ناچ رہا ہے اور ویڈیو بنا رہا ہے۔ اس ویڈیو پر صرف ٹک ٹاک پر ہی 1.8 ملین ویوز آ چکے ہیں جبکہ یہ ویڈیو دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہے۔
اپلوڈ کرنے والے صارف کے اکاؤنٹ پر اسی نوعیت کی کئی ویڈیوز اپلوڈ ہیں جن میں سے اکثر میں وہ قمیض اتار کر سڑک کے کنارے ویڈیوز بناتے دکھائی دے رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے قصور روڈ، کوٹ رادھاکشن کے مقام پر لاؤڈ سپیکر کا استعمال کیا، جس سے عوامی نظم و ضبط متاثر ہوا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی۔

تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق عوامی مقامات پر نازیبا مواد کی تشہیر اور شور شرابے پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شیئر: