Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر بہار رام ناتھ کوند صدارتی امید وارہونگے

نئی دہلی۔۔۔۔بی جے پی نے بہار کے گورنر اور دلت رہنما رام ناتھ کوندکا نام این ڈی اے کے صدارتی امیدوار کیلئے تجویز کیا ہے۔ نئی دہلی میں پیر کو پارٹی کے پارلیمانی اجلاس کے بعد بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ مشاورت کے بعد رام ناتھ کوند کو صدارتی امیدوار بنایا جارہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ٹیلیفون کرکے کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو اس سے آگاہ کردیا۔ امیت شاہ نے بتایا کہ سونیا جی نے جواب دیا کہ پارٹی اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔امیت شاہ نے کہا کہ رام ناتھ نے ہمیشہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کے بہبود کیلئے جدہ و جہد کی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے بھی اس موقع پر کہا کہ این ڈی اے کے نامزد امیدوار آئین، قانون پر اپنی گرفت رکھتے ہیں۔صدارتی امیدوار رام ناتھ کوندسابق وکیل ہیں ان کا تعلق کانپور سے ہے ۔ 2مرتبہ لوک سبھا اور ایک مرتبہ راجیہ سبھا کے ممبر منتخب ہوچکے ہیں۔دریں اثناء شیوسینا نے کوند کو صدارتی امیدوار بنانے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ڈی کی حلیف جماعتوں خاص طور پر اس سے اس معاملے پر صلاح و مشورہ نہیں کیا تاہم اپنے فیصلے سے 4،5دن بعد مطلع کرینگے۔ تلنگانہ کی حکمراں جماعت ٹی آر ایس نے اعلان کیا ہے کہ وہ رام ناتھ کی حمایت کریگی۔

شیئر: