مرکزی حج کمیٹی کا اجلاس، آئندہ سال حج کی تیاریوں پر تبادلہ خیال
نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے اجلاس کی صدارت کی۔ (فوٹو ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ریجن کے گورنر کی ہدایت پر نائب گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے نائب چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں آئندہ حج 1446ھ مطابق 2025 کی جلد تیاریوں کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے کے مطابق شہزادہ سعود بن مشعل نے حج 2024 کے دوران کوششوں پر گورنرمکہ اور کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
ان کی کاوشوں نے مناسک حج کی ادائیگی سیفٹی اور آسانی کے ساتھ یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
نائب گورنر مکہ نے کمیٹی کے ارکان پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششوں کو دگنا اور اجتماعی طور پر کام کریں۔ آئندہ سال کے حج کے لیے جلد از جلد منصوبہ بندی کریں جس سے حج کے حوالے سے تمام امیدوں اور امنگوں کو پورا کیا جا سکے۔
کمیٹی نے اس سال حج کے مثبت پہلوؤں کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا اور حج نظام کو مسلسل ترقی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کا مقصد آئندہ سال حج کے دوران عازمین کے تجربے کو بہتر بنانا اور بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں حج کی ادائیگی کے بعد مختلف بندرگاہوں کے ذریعے حجاج کی روانگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں ایجنڈے میں شامل متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کے علاوہ ضروری سفارشات بھی پیش کی گئیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں