سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں نے 141 ارب ریال خرچ کیے
سیاحوں کی جانب سے تفریح پر اخراجات 4 ارب ریال سے زیادہ تھے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران بیرون ملک سے سعودی عرب آنے والے سیاحوں نے مجموعی طور پر 141 ارب ریال سے زیادہ خرچ کیے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے 2023 کے ٹورازم کے حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ ہاسپٹیلیٹی کی سہولتوں پر سب سے خرچ کیا گیا جو 45 ارب ریال تک پہنچ گیا ہے۔
گزشتہ سال کے دوران خریداری کے لیے آنے والے سیاحوں کے اخراجات 25.5 ارب ریال سے تجاوز کر گئے جبکہ ٹرانسپورٹیشن پر خرچ تقریباً 21.5 ارب ریال تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ خوراک اور مشروبات پر 19.4 ریال خرچ کیے گئے جبکہ دیگر مقاصد پر اخراجات 25.5 ریال سے زیادہ رہے۔
سیاحوں کی جانب سے تفریح پر اخراجات 4 ارب ریال سے زیادہ تھے۔
گزشتہ سال کے دوران ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی کل تعداد 109 ملین سے زیادہ رہی۔ ان میں 27 ملین سے زیادہ غیر ملکی سیاح شامل تھے۔
اس سے قبل عالمی تنظیم سیاحت پیرومیٹر نے نومبر 2023 کے حوالے سے رپورٹ میں کہا تھا کہ غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کی شرح کے حوالے سے سعودی عرب جی 20 میں سرفہرست اور دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے۔
یا د رہے کہ سعودی عرب دنیا میں سب سے زیادی تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے جس میں سال بھر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی میزبانی کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
سعودی وژن 2030 کا مقصد اس دہائی کے آخر تک 100 ملین زائرین کو سعودی عرب آنے کے لیے راغب کرنا ہے۔