ہوٹلوں، ریزورٹس اور فرنشڈ اپارٹمنٹس پر تجارتی لائسنس فیس معاف
سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کےلیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ماجد الحقیل نے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے ہوٹل، ریزورٹس اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے لیے تجارتی لائسنس کے اجرا کی فیس نہ لینے کے احکامات صادر کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایوان شاہی سے منظوری کے بعد وزیر بلدیات نے لائسنس فیس معاف کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
مملکت کے تمام علاقوں میں سیاحتی شعبے میں کام کرنے والے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے گزشتہ مارچ میں خصوصی مہم کا اعلان کیا گیا تھا جس کا مقصد اس شعبے کو بہتر بنانا اور زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کےعلاوہ غیرملکی سیاحوں کو مملکت کے بارے میں وسیع بنیاد پر آگاہی فراہم کرنا تھا۔
وزارت بلدیات و ہاؤسنگ اور سیاحت نے مشترکہ طورپر سیاحت کے فروغ کےلیے ہوٹلوں اور رہائشی اپارٹمنٹس کے لیے تجارتی لائسنس کے اجرا اور تجدید کے لیے ’بلدی‘ ایپ پر خصوصی سہولت فراہم کی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔