وزیر صنعت کا دورہ چین؛ گاڑیوں ، جہازوں و دیگرصنعتوں میں سرمایہ کاری کی دعوت
وزیر صنعت کا دورہ چین؛ گاڑیوں ، جہازوں و دیگرصنعتوں میں سرمایہ کاری کی دعوت
جمعرات 5 ستمبر 2024 21:38
اجلاس چین کے شہر گوانزو میں چیمبرآف کامرس کے اشتراک سے منعقد ہوا(فوٹو، ایس پی اے)
وزیرصنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے چینی کمپنیوں کو مملکت میں صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر صنعت ان دنوں جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر گئے ہیں جہاں انہوں نے گوانزو شہر میں فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام اجلاس میں شرکت کی ۔
وزیر صنعت نے اس موقع پر مملکت میں صنعت کے فروغ کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیاں گاڑیوں کی صنعت ، ادویات، جہاز اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
اس ضمن میں وزیر صنعت ڈاکٹر بندرالخریف نے میٹنگ میں مملکت کی جانب سے صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو دی جانے والی مراعات اور خدمات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس بات کے خواہاں ہیں کہ اسٹراٹیجیک صنعتیں جن میں آٹو انڈسٹری، جہاز کی صنعت ، فوڈ ، ادویات ، ہیوی مشنری ، تجدد پذیرتوانائی اور ہیوی و لائٹ ٹرانسپورٹ وغیرہ سے منسلک کمپنیاں مملکت میں سرمایہ کاری کریں‘۔
وزیر صنعت نے سعودی عرب اور چین کے باہمی تعلقات کو سراہتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کی کہ مملکت کی خواہش ہے کہ چین کے ساتھ معاشی اور صنعتی تعلقات میں مزید اضافہ کیا جائے ۔
اس موقع پر معاون وزیر صنعت و قدرتی وسائل ڈاکٹر عبداللہ الاحمری ، قومی مرکز برائے صنعتی ترقی کے سی ای او انجینئرصالح السلمی کے علاوہ سعودی انڈسٹریل اتھارٹی ’مدن‘ کے سی ای او انجیئنیرماجد العرقوبی بھی موجود تھے جبکہ چینی کے معروف کمپنیوں کے اعلی عہدیدار بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔