مصنوعی ذہانت میں عالمی سطح پر سعودی عرب کی 14 ویں رینکنگ
جمعرات 19 ستمبر 2024 21:55
عرب دنیا میں مملکت کا شمار پہلے نمبر پر کیا گیا (فوٹو،ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دنیا کے 83 ممالک میں 14 نمبر پر جبکہ عرب ممالک میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں ہونے والی ریسرچ اور ترقی کے حوالے سے سروے کیا گیا جس میں سعودی عرب میں ہونے والی مثالی ترقی کے پیش نذر اسے عرب ممالک کی سطح پر سرفہرست شمار کیا گیا۔
آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں سعودی عرب نے انتہائی مختصر وقت میں مثالی ترقی کی ۔ تجارت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں عالمی سطح پرسعودی عرب کو ساتویں نمبر پر منتخب کیا گیا ۔
سال 2019 میں اس حوالے سے جو فہرست تیار کی گئی وہ سات اہم شعبوں کے حوالے سے تھی جن میں حکومتی اسٹراٹیجی، انفراسٹرکچر، ریسرچ ، ترقی ، تجارت اور مہارتیں شامل تھے۔
سعودی منصوعی ذہانت اتھارٹی ’سدایا‘ کی جانب سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی رہنمائی میں مرتب کی جانے والی مثالی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے اس شعبے میں اہم مقام حاصل کیا۔
خیال رہے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے بہترین ممالک کی فہرست انٹرنیشنل کمپنی ’ٹوٹائز انٹیلیجنس‘ کی جانب سے جاری کی گئی ۔
ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کرتے ہیں جہاں مصنوعی ذہانت کے معیار کو مقررہ ضوابط کے مطابق جانچنے کے بعد ان کی درجہ بندی کرتے ہیں۔