اسلام آباد...پانا مہ عملدرآمد کیس میں جے آئی ٹی نے جمعرات کو اپنی تیسری پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرا دی۔ عدالت نے جے آئی ٹی کو 10 جولائی تک حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیراعظم کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے بیانات کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا ہے۔سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے واجد ضیا سے استفسار کیا کہ کیا ایس ای سی پی اور ایف بی آر نے ریکارڈ فراہم کر دیا ، جس پر انہوں نے بتایا کہ ایس ای سی پی نے کچھ ریکارڈ فراہم کیا ہے ۔ایف بی آر نے تاحال ریکارڈ فراہم نہیں کیا۔ ایف بی آر کو واضح کر دیا تھا کہ کونسا ریکارڈ چاہیئے۔جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ جے آئی ٹی نے جو ریکارڈ مانگا اس کی تفصیل پیش کریں۔ اٹارنی جنرل نے جے آئی ٹی کو ایف بی آر سے تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی۔