سعودی عرب میں پیراگلائیڈنگ کی اجازت، نوجوان فضاؤں میں پرواز کے لیے تیار
سعودی پیراگلائیڈنگ فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ وزیرِ کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل نے مملکت میں پیراگلائیڈنگ مشاغل کے آغازِ نو کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ اجازت، ضابطے کی کارروائیاں مکمل ہونے اور متعلقہ حکام سے رابطوں کے بعد دی گئی ہے جن میں حفاظت کے اعلٰی ترین معیار، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
فیڈریشن نے کہا ہے کہ پیراگلائیڈنگ کی اجازت، سعودی عرب کو ایئر سپورٹس کا علاقائی اور عالمی مرکز بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے جو وژن 2030 کے اس مقصد سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت کھیلوں کے شعبے میں تنوع لانا اور اس میں اضافہ کرنا ہے۔
فیڈریشن نے یہ بھی کہا ہے کہ ماضی میں سرکاری حکام اور سپیشلائزڈ ماہرین کے تعاون سے تنظیمی فریم ورکس اور حفاظتی ضوابط بنائے گئے تھے تاکہ ایئر سپورٹس کے شوقین افراد اور پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے ماحول محفوظ رہے اور کھیلوں کے شعبے میں پائیدار ترقی ہو۔
فیڈریشن نے شوقیہ اور پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے جدید تربیتی پروگراموں اور ایونٹس کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فیڈریشن بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کا ارادہ بھی رکھتی ہے تاکہ بہترین معلومات اور طریقہ کار کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔
ان کوششوں کا مقصد قومی ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا، ان کی شمولیت کو وسیع کرنا اور بین الاقوامی شراکت داری کو متوجہ کرنا ہے جس سے طویل مدت میں مملکت کے اندر پیراگلائیڈنگ کی ترقی میں مدد ملے گی۔