شہزادہ فیصل بن فرحان غزہ سے متعلق قاہرہ اجلاس میں شرکت کریں گے
غزہ میں انسانی ہمدردی کی کوششوں کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان غزہ میں انسانی امداد سے متعلق قاہرہ وزارتی اجلاس میں سعودی وفد کی سربراہی کریں گے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وفد میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبدللہ الربیعہ شامل ہیں۔
وزارتی اجلاس میں غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کی کوششوں کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جس سے فلسطینی عوام کے مصائب میں کمی آئے اور کسی رکاوٹ کے بغیر انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ کویت میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی سپریم کونسل نے غزہ میں جنگی جرائم، فلسطینوں کی نقل مکانی اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
اعلامیے میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ غزہ کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد میں اپنا کردار ادا کرے۔
اجلاس سے خطاب میں امیر کویت نے کہا کہ ’غزہ میں شہریوں کو تحفظ اور انہیں امداد فراہم کی جانی چاہیے۔‘