Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں جنگی جرائم اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم کیا جائے: جی سی سی

اعلامیے میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
کویت میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی سپریم کونسل نے غزہ میں جنگی جرائم، فلسطینوں کی نقل مکانی اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اتوار کو جاری اعلان کویت میں جون 1967 سے تمام مقبوضہ علاقوں پر فلسطینی عوام کی خود مختاری اور مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں علاقائی، عالمی سیاسی، سلامتی اور اقتصادی چیلنجوں سے نمنٹے میں جی سی سی کے بڑھتے ہوئے کردار کی تعریف کی گئی۔
اعلامیے میں رکن ملکوں پر زور دیا گیا کہ وہ پائیدار اقتصادی تنوع، ڈیجیٹل تبدیلی، توانائی کی مارکیٹ میں استحکام اور موسمیاتی ایکشن کو جاری رکھتے ہوئے بزنس اور معیشت کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر خطے کی حیثیت کو بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کریں۔
جی سی سی سپریم کونسل نے غزہ، لبنان، اور مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت کے ساتھ یروشلم، اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات پر خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ شہریوں کے تحفظ، جنگ کے خاتمے اور پائیدار حل پر سنجیدہ مذاکرات کےلیے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا گیا۔
اعلامیے میں غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کےلیے قطر کی کوششوں کوسراہا گیا جبکہ یمن میں سیاسی عمل کی بحالی کےلیے سعودی عرب اور عمان کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔
قبل ازیں خلیج تعاون کونسل کی سپریم کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور  دیتے ہوئے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کی پھر مذمت کی۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد میں اپنا کردار ادا کرے۔
امیر کویت نے کہا کہ ’غزہ میں شہریوں کو تحفظ  اور انہیں امداد فراہم کی جانی چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم فلسطین کی غیر متزلزل سپورٹ کا اعادہ کرتے ہیں۔ قبضے کے خاتمے، تمام سیاسی حقوق کے حصول اور بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مشرقی یروشلم کو  فلسطین کا دارالحکومت بنانے کے ساتھ ایک آزاد ریاست کے قیام کا اعادہ کرتے ہیں۔‘
’ہم غزہ میں جنگ بندی کے حصول کےلیے قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور کشیدگی کی جانب ایک قدم کے طور پر لبنان میں جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘
امیر قطر نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی سپورٹ کا اعادہ  کیا او دو ریاستی حل پر زور دینے کی سعودی کوششوں کی حمایت کی۔
کویتی خبررساں ایجنسی کونا کے مطابق جی سی سی اجلاس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم سلمان بن حمد آل خلیفہ، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم شیخ منصور بن زید آل نہیان اورعمان کے نائب وزیراعظم برائے کابینہ سید فہد بن محمود السعید نے شرکت کی۔
جی سی سی سپریم کونسل کے اجلاس کا مقصد خطے کے ملکوں کے درمیان اجتماعی اقدامات کی اہیمت کو اجاگر کرنا ہے۔

شیئر: