خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات: ’ ریاض عالمی شراکت داری انیشیٹو‘ کا اعلان
زمین کے انحطاط سے نمنٹے کےلیے اقدامات تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر ماحولیات، پانی وزراعت عبدالرحمان الفضلی نے دنیا میں خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے ’ ریاض عالمی شراکت داری انیشیٹو‘ کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے خشک سالی اور زمین کے انحطاط سے نمنٹے کےلیے اقدامات تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض میں ’کوب 16 ‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ماحولیات نے کہا کہ ’مملکت کی جانب سے زراعت میں بہتری اور غذائی تحفظ کے جامع قومی منصوبوں پر کام جاری ہے جس کا مقصد خوراک کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ضیاع کو 50 فیصد سے کم سطح پر لانا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا’ مملکت نے پانی کے ذرائع کے تحفظ کے لیے بھی قومی حکمت عملی کی منظوری دی ہے۔ متعدد جہتوں پر کام جاری ہے جن میں ’واٹر ری سائیکلنگ ‘ کا منصوبہ شامل ہے۔‘
میئرریاض شہزادہ فیصل بن عیاف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’دنیا کو خشک سالی کے حوالے سے جس چیلنج کا سامنا ہے۔ مملکت اس سے نمٹنے کےلیے پرعزم ہے۔‘
انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ’ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے حالات عالمی ماحولیات کے لیے خطرہ ہوتے ہیں جس کا سامنا سب کو کرنا پڑتا ہے خاص طور پر ان سے شہروں کی ترقی متاثر ہوتی ہے۔‘
واضح رہے اقوام متحدہ کے 16 ویں کنونشن ’کوب 16‘ برائے انسداد خشک سالی کے حوالے سے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کے تحت ریاض میں عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں محتلف ممالک کی اہم شخصیات اور اداروں نے شرکت کی۔
کانفرنس کا آغاز 2 دسمبر کو ہوا جو 13 دسمبرتک جاری رہے گی جس میں دنیا کو خشک سالی کے خطرے سے محفوظ رکھنے کےلیے عالمی مفکرین اور ماہرین اپنی آرا پیش کریں گے۔