Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کاوسٹ‘ عرب جامعات کےلیے ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ میں سرفہرست

تحقیق اور ایجادات کے شعبے میں اعلی کارکردگی پر یہ مقام دیا گیا ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ’کاوسٹ‘ کو ٹائمز ہائرایجوکیشن فاونڈیشن نے سال 2024 کے لیے عرب جامعات میں سرفہرست قرار دیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ’کاوسٹ‘ کو تحقیق اور ایجادات کے شعبے میں اعلی کارکردگی کی وجہ سے یہ مقام دیا گیا ہے۔
اس کامیابی پر یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ایڈورڈ بیرن نے کہا کہ’ مسلسل دوسرے برس بھی یونیورسٹی کو سرفہرست قرار دینا معیار کا واضح ثبوت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں کی جانے والی تحقیق پر یونیورسٹی کی رینکنگ کے برقرار رہنے سے عالمی سطح پر بھی مملکت کے مقام کا اعتراف ہے، یہ کامیابی کاوسٹ سے منسلک تمام افراد کی کامیابی ہے جس سے انکے خلوص اور لگن کی عکاسی ہوتی ہے۔‘
پروفیسر ایڈورڈ بیرن نے بتایا’ سال 2022 میں یونیورسٹی کی رینکنگ دوسرے نمبر پر تھی بعد ازاں سال 2023 اور 2024 میں سرفہرست رہی۔ کوشش ہے کہ اس اعزاز کو برقرار رکھیں۔‘
واضح رہے شاہ عبداللہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کاوسٹ سال 2009 میں سابق سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی ہدایت پرقائم کی گئی تھی۔
سائنسی میدان میں مثالی کارکردگی کی بنیاد پر کاوسٹ کو جلد ہی عالمی سطح پر شہرت حاصل ہوئی جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
خیال رہے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے یونیورسٹیز کی رینکنگ کے لیے 20 نکات مقرر کیے جاتے ہیں جن کے مطابق جائزہ رپورٹ تیار کی جاتی ہے۔
جائزہ رپورٹ میں مئی اور جون میں 36 ہزار سے زائد سروے کیے گئے تھے جس کے مطابق کاوسٹ کے تعلیمی ماحول اور تحقیقی حیثیت کو ممتاز قرار دیا گیا۔

شیئر: