پکوڑا: الباحہ میں پاکستانی کمیونٹی کے افطار دسترخوان کا لازمی جز
کمیونٹی کے لوگ مغرب کی اذان سے تھوڑی دیر قبل پکوڑے بنانا شروع کر دیتے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
رمضان کے مقدس مہینے میں الباحہ ریجن میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی سب سے پسندیدہ ڈش پکوڑے مانے جاتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ایک روایتی پکوان ہے جو رمضان کے مہینے میں افطار کی میز پر دیگر کھانوں کے ساتھ لازمی سمجھی جاتی ہے اور کمیونٹی کے کھانوں اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتی ہے۔
کمیونٹی کے لوگ مغرب کی اذان سے تھوڑی دیر قبل پکوڑے بنانا شروع کر دیتے ہیں۔ یہ ہلکی پھلکی ہوتی ہے جو کہ سبزیوں، بیسن اور مصالحوں کے امتزاج کے ساتھ بنائی جاتی ہے اور پھر اسے تیل میں فرائی کیا جاتا ہے۔
افطار کے وقت گرما گرم پکوڑے کھائے جاتے ہیں جس سے بھائی چارے اور فیملی کے اتفاق کا ماحول پیدا ہوتا ہے۔
کمیونٹی کے کئی افراد کا کہنا ہے کہ پکوڑوں کو اپنے سعودی دوستوں کے ساتھ بانٹنا ایک سالانہ روایت ہے جس سے ثقافتوں کا تبادلہ اور سماجی ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کا دسترخوان بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے خاص طور پر مملکت کی جانب سے مختلف اقوام کو دی جانے والی سکیورٹی، استحکام اور مل جل کر رہنے کو مضبوط بناتا ہے۔
رمضان کے یہ مناظر مقامی سوسائٹی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی علامت سمجھے جاتے ہیں اور اس کی مذہبی اور سماجی مواقع پر بھائی چارے اور مل جل کر رہنے کی تصویر پیش کرتے ہیں۔
