سعودی عرب اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں یوم عربی پر تقریبات کی میزبانی کرے گا
تقریب میں بین الاقوامی اور سفارتی شخصیات کا خیرمقدم کیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کنگ سلمان گلوبل اکیڈمی فار عربی لینگویج 9 سے 11 دسمبر تک نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں عالمی یوم عربی زبان کے موقع پر سعودی عرب کے مستقل مشن کے اشتراک سے تقریبات کا انعقاد کرے گی۔
ایس پی اے کے مطابق اس سال کا موضوع عربی زبان اور مصنوعی ذہانت، ثقافتی ورثے کا تحفظ اور جدت طرازی کو فروغ دینا ہے۔
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی زیرسرپرستی اس تقریب میں بین الاقوامی اور سفارتی شخصیات کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
عالمی یوم عربی زبان گزشتہ چار برس سے منایا جا رہا ہے جو عالمی اداروں میں عربی کو فروغ دنے کےلیے اکیڈمی کی کوششوں کے علاوہ اس زبان کے ثقافتی اور سائنسی ورثے کے تحفظ کےلیے سعودی عرب کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
یوم عربی کے موقع پر اقوام متحدہ میں عربی ترجمہ کے عنوان سے ایک پینل مباحثہ شامل ہے جس میں بین الاقوامی ماہرین شامل ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے عملے کےلیے سفارتی مقاصد کے ترجمے کی مہارت پر ایک ورچوئل تربیتی کورس بھی ہے۔
عربی زبان کی نمائش میں آرٹسٹک ورک اور ڈیجیٹل ڈسپلے پیش کیے جائیں گے جو زبان کی خوبصورتی، تاریخ اور دیگر تہذیبوں پر اثرات پر مرکوز ہوں گے۔ یہ اکیڈمی کی سرگرمیوں اور اشاعتوں کو متعارف کراتے ہوئے سعوی ثقافت کی عکاسی کرے گا۔
یاد رہے کہ عربی زبان دنیا کی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں سے ایک ہے، جسے 400 ملین سے زیادہ افراد نے اپنا رکھا ہے۔
عربی زبان کی تاریخ ایک ہزار سال پرانی ہے جس میں شاعری، ادب، قانون، سائنس اور فلسفہ پر مشتمل تحریری کاموں کا خزانہ موجود ہے۔