Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد بن سلمان سے مفتی اعلیٰ کی بیعت

مکہ مکرمہ ..... شہزادہ محمد بن سلمان سے مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ولی عہد اور نائب وزیراعظم کی حیثیت سے بیعت کے موقع پر مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز ال الشیخ نے مختصر اور موثر تقریر کی۔ آل الشیخ نے صلوة و سلام کے بعد دعائیہ جملے ”محمد بن سلمان ، اللہ تمہیں حق پر چلنے کی توفیق عطا کرے“ سے کی۔ مفتی اعلیٰ نے ولی عہد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیارے بیٹے میں تمہیں ظاہر و باطن ہر حال میں خدا ترسی کی نصیحت کرتا ہوں۔ یقین جانو خدا ترسی میں ہی اسلاف و اخلاف کی نجات مضمر ہے۔ قرآن بھی بتاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے سابق اہل کتاب کو بھی خدا ترسی کا درس دیا تھا۔ خدا ترسی اللہ کی اطاعت اور نافرمانیوں سے اجتناب ، عدل و انصاف اور عوام کے امور دریافت کرنے کا نام ہے۔ تمہارا منصب بڑا بھاری، اہم اور عظیم ہے۔ خادم حرمین شریفین نے تمہارا انتخاب تمہیں اس بھاری اور عظیم فرض کی ادائیگی میں اپنا دست و بازو بنانے کیلئے کیا ہے۔ ہمیں اپنے نفسانی امور میں اللہ سے ڈرتے رہنا چاہئے۔ ہر انسان کا اپنوں کی بابت احتساب ہوگا۔ مفتی اعلیٰ نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس عظیم الشان ریاست کے ڈھانچے کا تحفظ کیا جانا چاہئے۔ دین، امن و امان، اخلاق ، اقتصاد اور زندگی ہر لحاظ سے بنیادی ڈھانچے کا تحفظ مطلوب ہے۔ مفتی اعلیٰ نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری صلاح و فلاح باہمی الفت ، اتحاد و اتفاق اور ایک دوسرے کی خیر خواہی میں مضمر ہے۔ نادان کو نصیحت سے نوازا جائے اور غیر حاضر کو متنبہ کیا جائے۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ ارض پاک کے باشندو ںکو فریب کاروں کے فریب سے بچانے کیلئے ہمیں صف بستہ ہونا ہوگا۔ ارض مبارک خداداد نعمتوں سے مالا مال ہونے کے باعث دشمنوں کا ہدف ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر ایک خط پر چلنا ہوگا۔ مفتی اعلیٰ نے دعائیہ کلمات پر اپنا خطاب یہ کہہ کر ختم کیا کہ اللہ ہم سب کو اپنی مرضی اور پسند کے مطابق کام کرنے کی توفیق عطا کرے اور ہم سب محمد بن سلمان سے قرآن و سنت کے نفاذ پر بیعت کرتے ہیں۔ دریں اثناءنماز تراویح کے بعد قصر الصفا میں شہزادہ محمد بن سلمان سے سرکاری اداروں کے عہدیداروں، بیعت کمیٹی کے ارکان، گورنروں ،قبائلی عمائدین اور عام شہریوں نے شہزادہ محمد بن سلمان کے ہاتھ پر بیعت کی۔

شیئر: