اداکار کبریٰ خان اور گوہر رشید کی ’شادی کا کارڈ‘ سوشل میڈیا پر وائرل
اداکار کبریٰ خان اور گوہر رشید کی ’شادی کا کارڈ‘ سوشل میڈیا پر وائرل
جمعہ 31 جنوری 2025 10:24
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دونوں اداکار ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنی شادی کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو: انسٹاگرام، گوہر رشید)
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید اور کبریٰ خان رواں سال شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر دونوں اداکاروں نے ایک ویڈیو کے ذریعے اپنی شادی کی تصدیق کی تھی جس کے بعد اب ان کی شادی کا کارڈ انٹرنیٹ پر زیر گردش ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کارڈ کی تصویر میں شادی کی تاریخ 2 فروری لکھی گئی ہے جبکہ تقریب کے اوقات کار چار بجے بتائے گئے ہیں۔
شوبز انڈسٹری سے جڑے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس یہ دعویٰ کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں کہ کبریٰ اور گوہر کا نکاح رمضان سے قبل سعودی عرب کے شہر مکہ میں ہوگا جس میں ان کے قریبی دوست اور خاندان کے لوگ شریک ہوں گے۔
کبریٰ اور گوہر نے تاحال شادی کی تاریخ اور مقام کی تصدیق نہیں کی۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں یا ان کی پبلک ریلیشن ٹیم کی جانب سے نکاح کے مقام اور دیگر شادی کی تقریبات کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں اور کچھ روز قبل دونوں نے ایک دلچسپ انداز میں اپنے دوستوں سے ویڈیو کے ذریعے خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹس پر پوسٹ شیئر کی تھی۔
اپنی پوسٹ میں اداکاروں نے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے لکھا تھا ’آپ کے پیار اور دعاؤں کے ساتھ بسم اللہ۔‘