قانونی تنازع کے باعث اکشے کمار کی فلم ’بھاگم بھاگ ٹو‘ کی شوٹنگ گھٹائی میں پڑ گئی
’بھاگم بھاگ ٹو‘ کی شوٹنگ کے لیے اکشے کمار نے تاریخیں دے رکھی تھیں (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کے مشہور اداکار اکشے کمار کی متوقع فلم ’بھاگم بھاگ ٹو‘ قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہو گئی ہے۔
فلم کی شوٹنگ رواں ماہ کی دو تاریخ سے انڈیا میں شروع ہونا تھی جس کے لیے اکشے کمار، منوج باجپائی اور پریش راول نے اپنی تاریخیں بھی دے رکھی تھیں تاہم عین وقت پر شوٹنگ منسوخ کر دی گئی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق معروف پروڈیوسر ایکتا کپور نے ہدایت کار راج شاندیلیا کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی پر مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ راج شاندیلیا نے ایکتا کپور کے ساتھ تین فلموں کا معاہدہ کیا تھا لیکن انہوں نے تیسری فلم مکمل کرنے سے قبل اور این او سی حاصل کیے بغیر نہ صرف ایک بلکہ دو دیگر فلمی منصوبوں پر کام شروع کر دیا۔
مزید یہ کہ انہوں نے تیسرے منصوبے کے لیے لی گئی ایڈوانس رقم بھی واپس نہیں کی، جس پر ایکتا کپور نے قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کیا۔
قانونی نوٹس راج شاندیلیا کے ساتھ ساتھ پروڈیوسرز اشون وردے اور ’کیپ آف گڈ فلمز‘ کو بھی بھجوایا گیا، تاکہ فلم کی شوٹنگ روکی جا سکے۔ منصوبے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے پیش نظر پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا کہ قانونی معاملات طے ہونے تک مارچ کا 25 روزہ شیڈول منسوخ کر دیا جائے۔
اس پیش رفت کے بعد اکشے کمار، منوج باجپائی اور پریش راول کی تمام تاریخیں ریلیز کر دی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگر قانونی تنازع طویل ہو گیا تو فلم غیر معینہ مدت کے لیے التوا کا شکار ہو سکتی ہے، کیونکہ جون کے بعد تمام اداکار دیگر فلموں میں مصروف ہو جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اکشے کمار کو بھی شوٹنگ سے چند روز قبل ہی اس قانونی تنازع کا علم ہوا۔
فلم کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ معاملات حل نہ ہونے کی صورت میں فلم کو نئے ہدایت کار کے ساتھ دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے، تاہم فی الحال تمام فریقین تنازع کے حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
