Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم انڈسٹری کی بحالی، سپورٹ فنڈ کے لیے 30 سے زائد فلمسازوں کو منتخب کر لیا گیا

پنجاب حکومت نے گزشتہ برس فلم انڈسٹری کی بحالی کے میگا منصوبے کا اعلان کیا تھا (فوٹو: ایورنیو سٹوڈیو)
حکومت پنجاب نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے میگا منصوبے کے تحت پنجاب فلم سپورٹ فنڈ کے لیے 30 سے زائد فلم سازوں کا انتخاب کر لیا ہے۔
اس انتخاب سے فلم سازوں کو براہ راست مالی معاونت اگلے مہینے سے شروع ہو جائے گی۔
منتخب فلم ساز اب اپنے پروجیکٹس پر کام شروع کر سکیں گے اور فنڈ کی رقم پروڈکشن، پوسٹ پروڈکشن اور دیگر ضروری اخراجات پر استعمال کی جا سکے گی۔
تاہم ابھی تک حکومت ان فلم سازوں کی تفصیل فراہم نہیں کی جن کو اس فنڈ سے رقم کا اجرا کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ یہ فنڈ فلم انڈسٹری کی بحالی کا ایک حصہ ہے۔ فنڈ کے ذریعے فلم سازوں، ہدایت کاروں اور پروڈیوسروں کو گرانٹس اور سبسڈی دی جائے گی۔
پچھلے برس دسمبر میں فنڈ کے حصول کے لیے نئی شرائط وضع کی گئی تھیں جن میں درخواست گزار کی فلم کی ریلیز کا ثبوت، ایک سال کی بینک سٹیٹمنٹ، بجٹ کا کم از کم 50 فیصد حصہ بینک بیلنس یا کریڈٹ کی صورت میں ظاہر کرنا اور مکمل ٹیم کی تفصیلات شامل تھیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق جن فلم سازوں نے فنڈ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔ ان میں سے 30 فلم سازوں کو منتخب کیا گیا ہے۔

پچھلے سال دسمبر میں پنجاب کابینہ نے پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ کی منظوری دی تھی (فوٹو: سینیما ڈاٹ کام)

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ انتخاب کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا ہے  تاکہ صرف پروفیشنل افراد کو فائدہ پہنچے۔ فنڈ کی رقم فلموں کی تیاری سے لے کر مارکیٹنگ تک استعمال ہوگی جس سے صوبائی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

پنجاب میں فلم انڈسٹری کی بحالی

یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ برس فلم انڈسٹری کی بحالی کے میگا منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ جس میں فلم سٹی کا قیام بھی شامل ہے۔
یہ فلم سٹی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جائے گا جہاں جدید فلم سٹوڈیوز، پوسٹ پروڈکشن لیبارٹریز، ایڈیٹنگ سوٹس، ساؤنڈ سٹوڈیوز، وی ایف ایکس لیبارٹریز اور فلم سکول بنائے جائیں گے۔
فلم سکول میں نوجوانوں کو فلمی فنون کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔ فلم سازی کے لیے فنڈ کا قیام بھی اسی میگا پراجیکٹ کا حصہ ہے۔   

پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت فلم انڈسٹری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم رکھتی ہے (فوٹو: ریڈیو پاکستان)

پچھلے سال دسمبر میں پنجاب کابینہ نے پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ کی منظوری دی تھی۔ اس اتھارٹی کے قیام سے فلم سازی، ڈرامہ، ڈاکیومنٹری اور ڈیجیٹل مواد کی سرپرستی کی جائے گی۔ نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف کرایا جائے گا۔
 فلم سازوں کو سہولیات، اجازت ناموں اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت ملے گی۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
 نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے ٹریننگ پروگرام شروع کیے جائیں گے اور فلم انڈسٹری کے لیے فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا مستقل نظام قائم ہوگا۔ اتھارٹی فلم انڈسٹری سے متعلق تمام شکایات اور مسائل کے حل کی بھی مجاز ہوگی۔ 

پاکستان میں کئی برس سے فلم انڈسٹری زوال کا شکار ہے (فوٹو: سینیما فیشن)

 
کابینہ سے منظوری کے بعد اب اگلے مرحلے میں فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ایکٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد اتھارٹی کے ارکان کا تقرر ہو گا۔
فلم سازوں کے لئے فنڈز اجرا سے متعلق پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ ’حکومت پنجاب کا ویژن ہے کہ فلم انڈسٹری کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے اور یہ منصوبہ اسی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ تیس سے زائد فلم سازوں کا حالیہ انتخاب انتہائی شفاف اور کم وقت میں کیا گیا ہے۔ جلد ہی پنجاب میں آپ کو فلم انڈسٹری واپس اپنے پاوں پر کھڑی ہوتی نظر آئے گی۔‘

شیئر: