کرن اوجلا کے کنسرٹس عوامی شکایات کے نشانے پر کیوں ہیں؟
جمعرات 5 مارچ 2026 7:11
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ممبئی کے واقعات کے باوجود کرن اوجلا کا ’پی پاپ کلچر‘ انڈیا ٹور جاری ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈیا کے پنجابی گلوکار کرن اوجلا کے حالیہ کنسرٹس بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کے باعث خبروں میں ہیں۔
بالی وُڈ ہنگامہ کے مطابق 28 فرری کو دہلی میں ہونے والا ان کا لائیو شو اس وقت شدید افراتفری کا منظر پیش کرنے لگا جب جوہر لال نہرو سٹیڈیم میں اچانک جھگڑا پھوٹ پڑا۔
رپورٹس کے مطابق اس کنسرٹ میں تقریباً 75 ہزار افراد شریک تھے، جو انڈیا میں کسی بھی پنجابی فنکار کے لیے ایک روزہ بڑی تقریبات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مجمع بے قابو ہو گیا اور کچھ افراد کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، جس کے بعد سکیورٹی اور ہجوم کو قابو میں رکھنے کے انتظامات پر سوالات اٹھائے گئے۔
دہلی کے بعد منگل کو ممبئی میں ہونے والا کنسرٹ بھی بدنظمی کا شکار رہا۔ ’ایم ایم آر ڈی اے‘ گراؤنڈز‘ میں منعقدہ شو کے دوران شرکا نے پینے کے پانی سمیت بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایات کیں۔ متعدد افراد نے انتظامیہ پر ناقص منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا اور سکیورٹی اقدامات کو ناکافی قرار دیا۔
دہلی اور ممبئی کے واقعات کے باوجود کرن اوجلا کا ’پی پاپ کلچر‘ انڈیا ٹور جاری ہے، جس کے تحت وہ ممبئی، پونے، احمد آباد، چندی گڑھ، بنگلورو، کولکتہ، جے پور، لکھنؤ اور لدھیانہ سمیت دس انڈین شہروں میں پرفارم کریں گے۔ تاہم حالیہ واقعات کے بعد بڑے تفریحی پروگراموں میں سکیورٹی کے بہتر انتظامات کے مطالبات زور پکڑ گئے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کرن اوجلا کے کنسرٹ میں ہنگامہ آرائی ہوئی ہو۔ اس سے قبل 23 نومبر 2025 کو نیو ممبئی کے علاقے کھرگھر میں لاؤڈ پارک میں منعقدہ شو کے دوران بھی مجمعے میں جھگڑا ہوا تھا، جس میں نائجیرین انفلوئنسر آگو اسٹینلے چیئڈوزی اور ایک اور شخص کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی تھی۔
