اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی و ثقافتی تنظیم ’یونیسکو‘ نے ریاض کے 2 جیو پارکس کو یونیسکو کے عالمی جیو پارک نیٹ ورک میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دونوں پارک ریاض میں واقع ہیں جن میں پہلا ’شمالی ریاض جیو پارک‘ جبکہ دوسرا ’سلمی جیو پارک‘ ہے جنہیں عالمی جیو پارک نیٹ ورک میں شامل کیا گیا ہے۔
سعودی قومی مرکز برائے تحفظ سبزہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد عبدالقادر نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
دوسری جانب سعودی جیوپارک انیشیٹیو کے ڈائریکٹر انجینیئر حسام الترکی کا کہنا تھا کہ ’شمالی ریاض جیوپارک اور سلمی جیوپارک کو عالمی نیٹ ورک میں شامل کیا جانا مملکت کی جانب سے اپنے جیولوجیکل ورثے کے تحفظ اور اس کی پائیدار ترقی کے فروغ میں قائدانہ کردار کی عکاسی کرتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جیو پارک مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو مملکت کے منفرد ورثے کی سیر اور انہیں دیکھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔‘