ای مارکیٹنگ، مصنوعات کی گمراہ کن تشہیر خلاف قانون
سوشل میڈیا پر مصنوعات کے بارے میں مبالغے سے کام نہ لیا جائے (فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت تجارت نے ای مارکیٹنگ کے ضوابط کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مصنوعات کے غلط اشتہارات کے ذریعے صارفین کو گمراہ کرنا قانون کی شق نمبر 11 کی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے جس پر بھاری جرمانہ مقررہے۔
عاجل نیوزکے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے’ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ضوابط کے تحت ایسی اشتہاری مہم چلانا جو فروخت کی جانے والی مصنوعات یا فراہم کی جانے والی خدمات سے مطابقت نہیں رکھتی قانونی طورپر خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے۔
وزارت کا مزید کہنا تھا’ سوشل میڈیا پر مصنوعات کے بارے میں مبالغے سے کام نہ لیا جائے۔ فروخت کی جانے والی کوئی بھی چیز کو اس کے اصل معیار کے مطابق ہی پیش کیا جائے اسے بڑھا ایسی خوبیاں بیان نہ کی جائیں جو اس میں ہو ہی نہیں۔‘
وزارت تجارت کی جانب سے گمراہ کن اشتہار بازی کرنے پر ایک ملین ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔ علاوہ ازیں ای مارکیٹ پلیٹ فارم بھی عارضی یا مستقل بنیادوں پرسیل کیا جاسکتا ہے۔
