’سعودی عرب میں ای کامرس کی آمدنی 260 ارب ریال تک پہنچ جائے گی‘
جمعرات 12 ستمبر 2024 5:33
تجارتی مارکیٹ میں ’ ای کامرس ‘ کا حصہ 8 فیصد تک پہنچ چکا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی نے کہا ہے کہ ’مملکت کی تجارتی مارکیٹ میں ’ای کامرس‘ کا حصہ 8 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ ای کامرس کے رجحان میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔‘
العربیہ نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’سال 2025 تک ای کامرس کی آمدنی 260 ارب ریال تک پہنچ جائے گی۔‘
قصیم چیمبر آف کامرس میں منعقدہ بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے القصبی نے مزید کہا ’سال 2018 میں ٹیکنیکل مالیاتی کمپنیوں کی تعداد 10 تھی جس میں 95 فیصد اضافے کے ساتھ اب یہ 170 سے تجاوز کرچکی ہیں۔‘
وزارت تجارت صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی سرگرم ہے اور اس حوالے سے انسداد تجارتی جعل سازی اور مارکیٹ میں قیمتوں کی نگرانی کے علاوہ تجارتی پردہ پوشی کے تدارک کے لیے ٹیمیں سرگرم ہیں۔
تجارتی پردہ پوشی کے انسداد کے حوالے سے وزیر تجارت کا کہنا تھا ’13 سرکاری اداروں پر مشتمل ٹیم قومی مہم کی نگرانی کرتی ہے جس کا مقصد غیرقانونی تجارتی سرگرمیوں کا سد باب کرنا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’چھوٹی اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ کے لیے بھی جامع منصوبے مرتب کیے گئے ہیں جن پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔‘