Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا پاکستان کشیدگی، آئی پی ایل کا میچ دھرم شالہ سے احمد آباد منتقل کر دیا گیا

دھرم شالہ میں ایئرپورٹ کی بندش کے باعث آئی پی ایل ٹیمیں وہاں پہنچنے سے قاصر ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کا دھرم شالہ میں 11 مئی کو شیڈول پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کا میچ احمدآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ 
جمعرات کے روز گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انیل پٹیل نے ٹائمز آف انڈیا کو آئی پی ایل میچ منتقلی کی تصدیق کی ہے۔ 
انیل پٹیل نے کہا ہے کہ اب ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کے درمیان شیڈول میچ احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ 
دھرم شالہ اور اطراف کے ایئرپورٹس کی بندش کے باعث ممبئی انڈینز کی ٹیم کا ممبئی سے دھرم شالہ پہنچنا ناممکن تھا۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم نے بدھ کے روز ممبی سے روانہ ہونا تھا مگر ایئرپورٹس کی بندش کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کے میچ کے مقام کی تبدیلی کے بعد دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کی ٹیمیں نقل و حرکت کے مسائل سے دوچار ہو جائیں گی کیونکہ دونوں ٹیمیں اس وقت دھرم شالہ میں اپنے میچ کے لیے موجود ہیں۔ 
دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کا آج دھرم شالہ میں میچ شیڈول ہے اور ان کا اگلا میچ 11 مئی کو ہونا ہے جس کے لیے انہیں بذریعہ سڑک طویل سفر کرنا پڑے گا۔ 
انڈین میڈیا کے مطابق اس وقت آئی پی ایل کی ٹیمز ایئرپورٹس کی بندش کے باعاث ٹرین اور سڑک کے سفر کے آپشنز پر غور کر رہی ہیں، البتہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ 
واضح رہے جہاں انڈیا میں آئی پی ایل چل رہا ہے وہیں پاکستان میں بھی پی ایس ایل جاری ہے۔ پاکستان کے مقامی میڈیا میں رپورٹ کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان سپر لیگ بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے اور ٹورنامنٹ کو کراچی یا بیرون ملک منتقل کیا جا سکتا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’پی سی بی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور پی ایس ایل کے کچھ میچز کو ری شیڈول کرے گا۔ معاملات کو حتمی شکل دینے کے بعد مزید اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔‘

 

شیئر: