سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی نے سیزنل ورک ویزے کے ضوابط میں چند تبدیلیاں کی ہیں جن کی منظوری کابینہ نے دی تھی۔
عاجل نیوز کے مطابق ضوابط میں کی جانے والی تبدیلیوں کے مطابق ورک ویزے کے ’عارضی حج و عمرہ سروسز ویزے‘ کے نام سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
حج وعمرہ، بزنس، سیاحت اور ورک ویزے کے لیے یونیفائیڈ نیشنل پورٹلNode ID: 820951
-
کیا عارضی ورک ویزے پر مملکت آنے والے حج کر سکیں گے؟Node ID: 880170
سیزنل ورک ویزے کے نام کی تبدیلی کا مقصد ان کی راہِ عمل کو متعین و محدود کرنا ہے تاکہ وہ اسی مقصد اور مقررہ وقت کے لیے ہی استعمال کیے جا سکیں۔
نئے نام سے جاری ہونے والے سیزنل ورک ویزوں کا آغاز 15 شعبان سے کیا جائے گا جو اسلامی سال ہجری کے پہلے ماہ ’محرم‘ کے اختتام تک کارآمد ہوں گے۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ ’عارضی حج و عمرہ سروسز ویزے کے لیے کارکن کا ورک ایگریمنٹ بنایا جائے۔‘
علاوہ ازیں کارکن کو طبی بیمہ پالیسی بھی فراہم کرنا آجر کی ذمہ داری ہو گی جو ویزہ جاری کرانے کی بنیاد شرائط میں شامل ہے۔
واضح رہے حج و عمرہ سیزن کے دوران ان شعبوں میں کام کرنے والی نجی کمپنیوں کو افرادی قوت کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے بیرون ملک سے عارضی بنیادوں پر افرادی قوت درآمد کی جاتی ہے۔
نئے ضوابط سے قبل عارضی کارکنوں کو میڈیکل انشورنس نہ فراہم کرنے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ عارضی کارکنوں کے ویزے میڈیکل انشورنس پالیسی کے بغیر سٹیمپ نہیں کیے جائیں گے۔