غیرملکی سرمایہ کاری کا شیئر جی ڈی پی کے5.7 فیصد تک بڑھانے کا ہدف
سعودی وزیر کا کہنا ہے براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری طویل المدتی پروگرام ہے ( فوٹو: عاجل)
سعودی وزیراقصاد و منصوبہ بندی فیصل الابراہیم کا کہنا ہے’ مملکت میں سال 2030 تک براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا شیئر جی ڈی پی کے5.7 فیصد تک بڑھانے کا ہدف ہے۔‘
سعودی ٹی وی الاخباریہ کے مطابق قطر میں اقتصادی کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اقتصاد نے کہا ’ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری طویل المدتی پروگرام ہے ، ہم کاروباری امور اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تیزی سے کام کررہے ہیں تاکہ اس شعبے کو مزید ترقی دی جائے۔‘
انہوں نے کہا ’مملکت میں بیرونی سرمایہ کاری میں ہونے والے اضافے کا حقیقی مشاہدہ جاری ہونے والے لائسنسوں اوریہاں آنے والوں کی تعداد کو دیکھ کربخوبی کیا جاسکتا ہے۔
علاوہ ازیں جن کمپنیوں نے ریاض میں ریجنل ہیڈ کوارٹر قائم کیے ہیں وہ بھی واضح ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے اپنے وژن 2030 ریفارم حکمت عملی کے ایک حصے کے تحت سرمایہ کاری سے متعلق قانون میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔
ترمیم شدہ قانون کے تحت سرمایہ کاروں کے حقوق اور آزادی کو ایک مضبوط فریم ورک میں فراہم کرتی ہے جسے شفافیت اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان اور بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
