شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ’مسام‘ منصوبے کے تحت مئی 2025 میں یمن کے علاقوں سے ایک ہزار سے زائد مختلف نوعیت کی بارودی سرنگیں صاف کی گئیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’مسام‘ منصوبے کے تحت یمن میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مجموعی طورپر 1 ہزار 95 بارودی سرنگیں صاف کی گئیں تاکہ شہریوں کو ان سرنگوں کی نقصانات سے بچایا جاسکے۔
مسام پروجیکٹ کی ٹیموں نے جن بارودی سرنگوں کو صاف کیا ان میں 32 سرنگیں اینٹی ٹینک اینڈ ہیوی وھیکلز کے لیے جبکہ 7 سرنگیں انسانوں کے لیے مختلف مقامات پر پھیلائی گئی تھی۔
مزید پڑھیں
-
مسام پروجیکٹ کےلیے ایوارڈ، یمن میں اہم انسانی کردار کا اعتراف
Node ID: 882945
سرنگوں کی صفائی کے دوران مختلف مقامات پر غیر استعمال شدہ ایک ہزار 56 دھماکہ خیز مواد بھی اکھٹا کیا گیا ۔ مسام منصوبے کی ٹیموں نے الضالع کمشنری کے علاقے قعطبہ سے 50 دھماکہ خیز مواد برآمد کیا جبکہ الحدیدہ کمشنری میں ٹینکوں کےلیے دبائی گئی 2 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا۔
واضح رہے یمن میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے منصوبے کے آغاز سے اب تک 4 لاکھ 94 ہزار 351 مختلف نوعیت کی بارودی سرنگیں صاف کی جاچکی ہیں جن کی وجہ سے ان علاقوں کے رہائشیوں میں خوف پایا جاتا تھا۔
مرکز کے تحت بارودی سرنگوں کی صفائی کے کاموں کو یمنیوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے ان کاکہنا تھا کہ دھماکہ خیز سرنگوں کی وجہ سے وہ ان دیکھے خوف میں مبتلا رہتے تھے۔