سعودی ہلال الاحمر نے حج مقامات پر 150 ایمرجنسی فیلڈ یونٹس تعینات کردیے
سعودی ہلال الاحمر نے حج مقامات پر 150 ایمرجنسی فیلڈ یونٹس تعینات کردیے
جمعہ 30 مئی 2025 20:50
ایمرجنسی یونٹس میں 300 افراد پر مشتمل تربیت یافتہ عملہ موجود ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہلال الاحمر نے حج آپریشنل پلان میں توسیع کرتے ہوئے مختلف مقامات پر تعینات یونٹس میں اضافہ کیا ہے تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ہلال الاحمر کی جانب سے مشاعر مقدسہ جانے والے راستوں پر 150 ایمرجنسی فیلڈ یونٹس کو تعینات کیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں بروقت موقع پر پہنچا جاسکے۔
ایمرجنسی یونٹس میں 300 افراد پر مشتمل اعلی تربیت یافتہ طبی عملہ موجود ہے جبکہ جدید ترین طبی آلات سے لیس 150 ایمبولینسز بھی مہیا کی گئی ہیں۔
ہلال الاحمر کے امدادی یونٹس مملکت کے شمالی و جنوب مشرقی سمتوں میں موجود ہیں جہاں سے عازمین حج کے قافلے مشاعر مقدسہ پہنچتے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی ہلال الاحمر نے ضیوف الرحمان کی خدمت اور مدد کےلیے 550 رضاکاروں کی خدمات مہیا کی ہے۔
400 رضاکاروں کو ایمرجنسی طبی امداد کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ 150 رضا کاروں کو مختلف امدادی کاموں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔
رضاکار شفٹوں کے دوران 24 گھنٹے خدمات مہیا کریں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
رضاکاروں کا اہم شعبہ ترجمانوں پر مشتمل ہے جس کے تحت 9 زبانوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے حجاج کی بہتر طورپر مدد کرسکیں۔
واضح رہے ایام حج میں رضاکاروں کے مختلف گروپس شفٹوں کی صورت میں 24 گھنٹے خدمات مہیا کریں گے۔
بڑی تعداد مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ ) میں ہوگی۔ مسجد الحرام میں بھی ہلال الاحمر کے رضاکار موجود ہوں گے۔