انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: آخری گیند تک مقابلہ، انڈیا نے پاکستان سے فتح چھین لی
302 کے سکور پر انڈیا کی 9 وکٹیں گر چکی تھیں ( فوٹو: کرک انفو)
ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ناقابل یقین فتح حاصل کی۔ یہ میچ آخری گینڈ تک گیا۔
انڈین ٹیم نے 338 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ ایک وقت پر 42 ویں اوور میں 252 رنز پر انڈیا کی 8 وکٹیں گر چکی تھیں تاہم موہت الوی اور منال چوہان نے شاندار بیٹگ کی اور فتح پاکستان سے چھین لی۔
منال نے 32 گیندوں پر 47 جبکہ موہت نے 26 گیندوں پر 46 رنز سکور کیے۔ نویں وکٹ کے لیے57 رنز کی اہم پارٹنر شپ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
302 کے سکور پر نویں وکٹ کے گرنے پر انڈیا کو ایک وکٹ کے ساتھ مزید 36 رنز، آخری اوور میں 8 رنز جبکہ آخری گیند پر تین رنز درکار تھے۔ موہت الوا نے پاکستانی لیگ سپینر احمد حسین کو لانگ آف پر باؤنڈری لگا کر انڈیا کو غیر معمولی فتح دلوائی۔
انڈیا کی جانب سے کپتان لکشیا رچندرانی 80، آریا ویر سہواگ 58 رنز بنا کر نمایاں رہے اور ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد انڈیا کی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی تاہم لوئر آرڈر نے شاندار واپسی کی۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اوپنر عثمان خان نے 107 اور عبدالقادر نے دھواں دھار 80 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 60 رنز بنائے اور نو وکٹوں پر 337 رنز کا ایک بڑا ہدف دیا۔
سپورٹس تجزیہ نگار شاہد ہاشمی نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا کیا ’شاندار فائنل تھا۔ پاکستان نے جیتی ہوئی بازی ہار دی۔ انڈیا کے آخری چار بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ۔‘
