Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہترین انتظامات کے لیے شکریہ‘، سعودی وزیر حج سے سردار محمد یوسف کی ملاقات

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے تقریباً 14 لاکھ حجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں حج 2025 انتظامات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اتوار کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران سردار محمد یوسف نے بہترین انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی وزیر حج کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حجاج کی سہولت کے لیے سعودی حکومت حج انتظامات میں ہر سال جدت اور نئی سہولیات متعارف کروا رہی ہے، پاکستانی عازمین حج کو کھانے، ٹرانسپورٹ اور رہائش کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، اس سال مشاعر مقدسہ میں پاکستانی حجاج کو نزدیکی مکاتب فراہم کیے گئے ہیں۔‘
اس مقع پر سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ وزارت حج زائرین کو ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے، منیٰ اور عرفات میں پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ مشاعر مقدسہ میں بہتر سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے نجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’پاکستان سے حجاج کی بڑی تعداد آتی ہے، ان کی خدمت کرنا ہمارے لیے باعث شرف ہے۔‘
سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 14 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ عازمین ہوائی راستے سے آئے ہیں، جبکہ بری اور سمندری راستے سے بھی عازمین حجاج مقدس پہنچے ہیں۔

سردار محمد یوسف چھٹے روز بھی خود انتظامات کا جائزہ لینے میں مصروف رہے (فوٹو: سکرین گریب)

وزارت کا کہنا ہے کہ’یہ سب مربوط نظام کے تحت انجام دیا گیا ہے جس کی نگرانی حکومتی، سیکیورٹی اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ماہرین کر رہے ہیں۔‘
وزارت مذہبی امور پاکستان کی جانب سے حج 2025 کے لیے کیے جانے والے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف چھٹے روز بھی خود انتظامات کا جائزہ لینے میں مصروف رہے۔
وفاقی وزیر نے وزارت کے حکام اور حج مشن عملے کے ہمراہ منیٰ میں پاکستانی عازمین حج کے لیے قائم خیمہ بستی کا دورہ کیا
جہاں انہوں نے سہولیات اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 

 

شیئر: