Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج مشن 2025 کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج مشن عملہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے (فوٹو: سکرین گریب)
 وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں رواں سال حج کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
سنیچر کو وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج مشن عملہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے، اور اگر کسی بھی قسم کی شکایت سامنے آئے تو فوری طور پر اس کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔
وفاقی وزیر نے حکام کو ہدایت دی کہ حکومت پاکستان حجاج کرام کی خدمت کو اپنا قومی فریضہ سمجھتی ہے، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
 اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری برائے مذہبی امور سردار شمشیر علی خان مزاری، وفاقی سیکریٹری ڈاکٹر سید عطاء الرحمان، ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو اور وزارت مذہبی امور کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
 اجلاس میں مختلف انتظامی امور، رہائش، ٹرانسپورٹ، صحت کی سہولیات، اور شکایات کے ازالے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزارت کے حکام اور حج مشن عملے نے وفاقی وزیر کو اب تک کے تمام تر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حرم شریف، منیٰ، مزدلفہ، اور میدان عرفات میں عازمین کو کسی مشکل کا سامنا نا کرنا پڑے ،عملہ اس کو یقینی بنائے۔
انہوں نے مسلسل پانچویں روز عازمین حج کی رہائش، ٹرانسپورٹ اور کچن کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ حج میڈیکل مشن کا بھی دورہ کیا اور بیمار عازمین کی عیادت کی اور سہولیات بارے دریافت کیا۔

وفاقی وزیر نے مسلسل پانچویں روز عازمین حج کی رہائش، ٹرانسپورٹ اور کچن کا معائنہ کیا (فوٹو: سکرین گریب)

 سردار محمد یوسف نے عازمین حج سے سہولیات بارے براہ راست دریافت کیا۔ حجاج کا کہنا تھا کہ ماضی کی نسبت اس سال حج انتظامیہ اور عملے کی کارکردگی بہتر ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی آمور نے کہا کہ پاکستانی حج مشن عملہ منیٰ و عرفات میں معاونت و سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔ منیٰ میں روایتی گدے ختم کرکے صوفہ کم بیڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ خیموں میں جپسم بورڈ دیواریں، ایئر کولر کے ساتھ ایئر کنڈیشنرز نصب کیے گئے ہیں۔
ان کے مطابق عازمین کے سامان کے لیے ایلیویٹڈ ریکس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے،  رواں سال منیٰ میں عازمین کو روزانہ پانچ وقت کا کھانا دیا جائے گا۔ منی میں تین کھانے تازہ تیار ہوں گے، دو پہلے سے پیک شدہ ہوں گے۔

 

شیئر: