Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2025 : رمی کے پہلے دن بڑے شیطان کوکنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری

جمرات پل پر آمد ورفت کے راستوں کو جدا رکھا گیا ہے(فوٹو، بشیر صالح)
حجاج کرام مرحلہ وار ’جمرہ عقبہ‘ (بڑے شیطان) کو کنکریاں مارنے کے لیے جمرات پہنچ رہے ہیں۔ رمی کا سلسلہ 10 ذی الحجہ کی صبح سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حج 2025 کے تیسرے اور آخری مرحلے میں 10 ذی الحجہ کو سارا دن بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مزدلفہ میں رات کو قیام کرنے بعد حجاج نے صبح سویرے منی کا رخ کیا جبکہ بعض حجاج رات کو ہی وادی منی میں پہنچ گئے تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے جمرات پر ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے حجاج کی معلمین (خدمات ادارے) کو شیڈول جاری کیا ہے جس کے تحت حجاج اپنے وقت مقررہ پر رمی کے لیے جاتے ہیں۔

مزدلفہ میں قیام کے بعد حجاج منی پہنچ گئے (فوٹو، بشیر صالح)

جمرہ عقبہ یعنی بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں مارنے اور حج کی قربانی کے بعد حجاج بال اتروا کر احرام کی مقررہ پابندیوں سے آزاد ہو جاتےہیں۔
بعض حجاج رمی کرنے کے فوری بعد براہ راست مکہ مکرمہ چلے جاتے ہیں جہاں وہ طواف افاضہ اور حج کی سعی بھی کرلیتے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جمرات پل کی تمام منزلوں پر آمد ورفت کے راستے جدا رکھے گئے ہیں جس کا مقصد ازدحام پرقابو پانا ہے ۔ رمی کے لیے جانے والے حجاج اسی راستے سے واپس نہیں آسکتے ۔

مشاعر مقدسہ میں پیدل چلنے کے لیے خصوصی راستے بنائے گئے ہیں(فوٹو، اردو نیوز)

سیکیورٹی ادارے کے اہلکار حجاج کی خدمت میں پیش پیش ہیں جبکہ اسکاوٹس کے مختلف گروپس بھی بڑی تعداد میں وادی منی میں موجود ہیں۔
شہری دفاع اور امن عامہ کے فضائی یونٹس کی جانب سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے وقفے وقفے سے مشاعر مقدسہ کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امداد فراہم کی جاسکے۔

شیئر: