مناسکِ حج کا آغاز ، منیٰ میں عازمین کی آمد، عارضی خیمہ بستی آباد
مناسکِ حج کا آغاز ، منیٰ میں عازمین کی آمد، عارضی خیمہ بستی آباد
منگل 3 جون 2025 23:29
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، منیٰ
حج 1446 ہجری بمطابق 2025 کے مناسک کا آغاز ہو چکا ہے۔ اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے لاکھوں عازمین حج مکہ مکرمہ سے قافلوں کی صورت میں مرحلہ وار منگل کی شب وادی منی پہنچنا شروع ہوگئے۔
یوم الترویہ ، 8 ذی الحجہ کا سارا دن حجاج منی میں ہی گزرایں گے جہاں وہ پانچ وقت کی نمازیں ادا کریں گے۔ منی میں سارا دن گزارنے کے بعد رات گئے میدان عرفات منتقل ہوں گے۔
اندرون مملکت سے آنے والے حجاج کے قافلے7 ذی الحجہ کی شام گئے تک مکہ مکرمہ پہنچے جبکہ بیرون مملکت کے حجاج جو پہلے ہی مکہ مکرمہ میں موجود تھے انہیں ان بسوں اور مشاعر مقدسہ ٹرین کےذریعے وادی منی کی عارضی خیمہ بستی میں منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے حجاج کی نقل و حمل کو منظم رکھنے کےلیے مرحلہ وار منی منتقلی کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کا مقصد حجاج کی نقل وحرکت کو بہتر بنانا اورغیر ضروری ازدحام پر قابو رکھنا ہے۔
منی میں عازمین حج کی آمد سے قبل ہی تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔ مشاعر مقدسہ ریلوے سٹیشنوں پر رضا کار اور سکاوٹس متعین ہیں جو عازمین کی رہنمائی میں مصروفِ عمل ہیں۔
مکہ مکرمہ سے وادی منی جانے والے راستوں پر سکیورٹی اہلکارموجود ہیں جو حج پرمٹ کی سختی سے چیکنگ کرتے ہیں۔ پرمٹ کے بغیر کسی کو مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں۔
سات ذی الحجہ کو حجاج کی بڑی تعداد وقفے وقفے منی میں آتی رہی جہاں انہوں نے مختلف مقامات پر یادگاری تصاویر بنانے میں گزاری۔
منی میں عازمین حج کی آمد سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے منی میں مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ منی کےتمام داخلی راستوں پرسکیورٹی کےچیک پوائنٹس قائم ہیں۔
میونسپلٹی کی جانب سے بھی عارضی خیمہ بستی کی صفائی کےلیے جامع انتظامات دیکھنے میں آئے۔ صفائی کے ہزاروں کارکن مختلف مقامات پر موجود ہیں جبکہ صفائی کی گاڑیاں بھی بڑی تعداد میں وادی میں پہنچائی گئی ہیں ۔
موسم کی تپش کو کم کرنے اور ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کےلیے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت مشاعر مقدسہ کے تمام مقامات پر پانی کی پھوار کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
سکاوٹس کے سیکڑوں دستے مشاعر مقدسہ میں اللہ کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے اور ان کی رہنمائی کے لیے مستعدد دکھائی دیتے ہیں۔ سکاوٹس کی دستوں کو مشاعر کےمختلف مقامات کے بارے میں خصوصی معلومات مہیا کی گئی ہیں تاکہ ایسے حجاج جو اپنے خیموں کا مقام بھول جاتے ہیں انہیں ان کےخیموں تک پہنچانے میں سہولت ہو۔