سعودی وزارت ثقافت 4 سے 25 اگست کے دوران الدرعیہ کی المیادین ایوینو پر ’ترحال‘ کے نام سے ایک پرفارمنس کا انعقاد کر رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ’ترحال‘ سعودی عرب کی رہنمائی میں سامنے آنے والی ایک ایسی تکنیک ہے جو جدید طرز کی لائٹنگ اور بصری ٹیکنالوجی سے متعلق ہے۔
یہ تکنیک دیکھنے انتہائی محسور کُن تجربہ پیش کرتی ہے اور ایک ایسے سعودی نوجوان کی کہانی سناتی ہے جو اپنے ملک کے مستقبل کو بدلنے کا خواب دیکھتا ہے۔

مملکت میں اس سفر کے دوران اس نوجوان کو رنگا رنگ زمینی مناظر دیکھنے کا موقع ملتا ہے اور اعلٰی اقدار سے واسطہ پڑتا ہے، جس کی مدد سے اسے اپنے وطن کی ثقافت اور قدرتی میراث کو پھر سے جاننے کا موقع ملتا ہے۔ یوں یہ نوجوان ایک نئی دانائی، نیا اعتماد اور نئی امید لے کر اپنے گاؤں واپس پہنچتا ہے۔
شو کا ایک خاص پہلو سعودی عرب کے وسیع زمینی منظر اور قدرتی نظاروں سے متاثر ہو کر دکھائے جائے والے انہتائی خوبصورت سین ہیں۔ یہ شو، معروف عالمی فنکاروں کے ساتھ ساتھ، نوجوان سعودی ٹیلنٹ کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

’ترحال‘ کا دوسرا ایڈیشن، 2023 میں پہلی مرتبہ سامنے آنے والے ایڈیشن کی کامیابی کو آگے بڑھاتا ہے۔
پہلے ایڈیشن میں پرفارمنگ آرٹس سے لے کر سعودی عرب کی دستکاری کے ہنر، روایتی لباس اور سعودی پکوانوں کی تیاری کے طریقوں کو بڑے دھوم دھام کے ساتھ منایا گیا تھا۔