Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرنسز بریک فاسٹ ایڈونچر‘، ناشتے کے اڑھائی لاکھ روپے بِل سے شہری حیران

ڈیزنی لینڈ کی طرف سے خصوصی ناشتے کی پیشکش کی جاتی ہے (فائل فوٹو: ڈی ایل)
امریکہ میں واقع ڈزنی لینڈ میں پرنسز بریک فاسٹ ایڈونچر کے دوران ایک امریکی شہری اس وقت حیران رہ گیا جب اسے ناشتے کے بعد اڑھائی لاکھ روپے (تقریباً 937.65 ڈالر) کا بل تھما دیا گیا۔
اس تجربے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے جان ٹولکین نامی شخص نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بل کی تصویر شیئر کی اور لکھا ’پرنسز بریک فاسٹ بچوں کے ساتھ کیا تو سہی البتہ کافی منہ سے نکلتے نکلتے بچی۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق جان ٹولکین نے بتایا کہ یہ ناشتہ ان کے خاندان کے پانچ افراد کے لیے تھا اور بل میں 150 ڈالر ٹِپ بھی شامل تھی۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ بکنگ سے قبل انہوں نے فی کس قیمت 142 ڈالرز پر غور نہیں کیا تھا۔
برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق ’پرنسز بریک فاسٹ ایڈونچر‘ ڈزنی کے گرینڈ کیلیفورنین ہوٹل میں منعقد ہوتا ہے جس میں تین کورسز(کھانوں کی اقسام) شامل ہوتے ہیں۔
اس میں لوبسٹر رولز اور مختلف قسم کی بریڈز(روٹیوں) پر مشتمل ایپیٹائزر ٹاور، بڑوں کے لیے مختلف مین کورس آپشنز اور پرنسز تھیم پر مبنی میٹھے پکوان شامل ہوتے ہیں۔
بچوں کے لیے ناشتے میں چکن ومکی وافلز یا بیکن کے ساتھ میکرونی اور چیز کے انتخاب کی سہولت موجود ہوتی ہے۔
جان ٹولکین نے بتایا کہ ’کھانا اچھا تھا، میں اسے 10 میں سے سات نمبر دوں گا، سروس زبردست اور عملہ بہت دوستانہ تھا، پرنسز کردار نبھانے والی اداکارائیں اپنے کام میں ماہر تھیں اور بچوں کو خوب تفریح فراہم کر رہی تھیں۔‘

اس ناشتے میں انواع اقسام کے کھانے پیش کیے جاتے ہیں (فوٹو: ڈی ایل)

انہوں نے مزید کہا کہ ’بچوں نے انجوائے کیا، اس لیے میرا خیال ہے کہ قیمت وصول ہو گئی، البتہ جب میں نے بل دیکھا تو بچوں نے کچھ نئے الفاظ ضرور سیکھے ہوں گے۔‘
جان ٹولکین کی پوسٹ نے انٹرنیٹ پر خوب توجہ حاصل کی ہے۔ کئی صارفین نے جان ٹولکین کی حیرت کو بلاجواز قرار دیا کیونکہ قیمتوں کا تعین بکنگ کے وقت واضح  طور پر کیا جاتا ہے۔ کچھ نے 150 ڈالر کی ٹِپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کا رجحان حد سے تجاوز کر چکا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’گرینڈ کیلیفورنیا والے بکنگ کے وقت قیمت بالکل واضح کرتے ہیں اور وہاں کی ریزرویشنز مہینوں پہلے حاصل کرنا پڑتی ہیں۔‘

ناشتے کے دوران اداکارائیں بچوں کو محظوظ کرتی ہیں (فوٹو: ڈی ایل)

ایک اور صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھائی، قیمت بکنگ کے وقت بتا دی جاتی ہے، اگر حیران ہوئے ہو تو یہ تمہاری اپنی غلطی ہے۔‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’میں نے بھی اتوار کو 155 ڈالر ٹپ دی لیکن میرا خیال ہے کہ بل جتنا بڑھتا ہے، ٹِپ کم ہونی چاہیے کیونکہ سروس میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔‘
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’اگر تم 21 فیصد کے قریب ٹپ نہ دیتے تو بل کم ہوتا، ڈزنی ریستوران کے ویٹر عام ویٹرز کی طرح نہیں ہوتے اور ممکن ہے کہ وہ کم از کم اجرت بھی حاصل نہ کر رہے ہوں۔‘

 

شیئر: