Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں تعاون قابلِ تحسین ہے، سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قریبی برادر ملک ہے۔ (فوٹو: قومی اسمبلی)
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاک سعودی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ 
اتوار کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی-پاک فرینڈ شپ گروپ کے پاکستان آئے تین رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سعودی شوریٰ کا وفد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ سعودی وفد کی قیادت سعودی-پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی کر رہے ہیں۔ جبکہ وفد میں سعودی شوریٰ کی اراکین ڈاکٹر ایمان بنت عبدالعزیز الجبرین اور انجینیئر سالم بن علی الشہرانی شامل تھے۔
شوریٰ کونسل کے وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی نے سعودی وفد کا پرتپاک خیر مقدم اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور دوطرفہ روابط پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں قائم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے وفود اور تجربات کے تبادلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے حج کے موقع پر سعودی عرب کی قیادت کو حجاج کے لیے خصوصی انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کا قریبی برادر ملک ہے، سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں تعاون قابلِ تحسین ہے۔‘
سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک مذہب، اخوت، بھائی چارے اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی عوام کا سعودی عرب کے ساتھ احترام، محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں برادر ممالک کی عوام کو مزید قریب لانے میں کلیدی کردار اداکر سکتی ہے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔
سعودی وفد نے دوطرفہ پارلیمانی رابطوں کے فروغ کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کی کوششوں کو سراہا۔
ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
دونوں جانب سے پارلیمانی وفد تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
وفد کے اراکین نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سپیکر قومی اسمبلی شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ممبران قومی اسمبلی مجاہد علی، سید حفیظ الدین، محترمہ شاہدہ بیگم اور محترمہ شگفتہ جمانی بھی موجود تھیں۔

شیئر: