سعودی وفد کا پاکستان سمیت 5 ممالک کے میڈیکل مشن کا دورہ
’دوروں کا مقصد باہمی رابطے کو مضبوط بنانا اور صحت کے نظام کی تیاری کی سطح کو بلند کرنا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنانے اور فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لینے کے لیے سعودی طبی وفد نے 5 ممالک کے میڈیکل مشنوں کےمراکز کا دورہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی طبی وفد نے پاکستان، بنگلہ دیش، نائیجیریا، مصر اور سوڈان کے میڈیکل مشنوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ہے۔
ان دوروں کا مقصد باہمی رابطے کو مضبوط بنانا اور موسم حج کے دوران صحت کے نظام کی تیاری کی سطح کو بلند کرنا ہے۔
الجیاد کونسل کے رکن وشعبہ عمومی کے سربراہ ڈاکٹر انس سدایو نے طبی وفد کی سربراہی کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ ان دوروں کا مقصد طبی ٹیموں کے ساتھ رابطے کے ذرائع کو فروغ دینا اور مختلف اداروں کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے‘۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے اداروں کے ساتھ ہم آہنگ اور مشترکہ کام کرنا، موسمِ حج کی کامیابی اور عازمین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی ستون ہے‘۔
دورے میں حج میڈیکل مشن کے منتظمین اور طبی عملے سے براہ راست ملاقاتیں شامل تھیں جبکہ عوامی امور اور تربیت کی ٹیم نے تربیتی پروگراموں اور ترقیاتی اقدامات کا بھی مشاہدہ کیا۔