اوپیک پلس کا تیل کی پیداوار میں 5 لاکھ 48 ہزار بیرل یومیہ اضافے کا اعلان
اوپیک پلس کا تیل کی پیداوار میں 5 لاکھ 48 ہزار بیرل یومیہ اضافے کا اعلان
ہفتہ 5 جولائی 2025 18:50
عالمی منڈی کی صورتحال اور مستقبل کی توقعات کا جائزہ لیا گیا (فوٹو: اخبار 24)
اوپیک پلس نے سنیچر کو ایک ورچوئل اجلاس میں اگست 2025 سے تیل کی یومیہ پیداوار میں 5 لاکھ 48 ہزار بیرل اضافے کا اعلان کیا ہے۔
اجلاس میں تنظیم کے آٹھ رکن ممالک جن میں سعودی عرب، روس، عراق، متحدہ عرب امارات، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان شامل ہیں نے عالمی منڈی کی صورتحال اور مستقبل کی توقعات کا جائزہ لیا۔
اخبار 24 کے مطابق مجوزہ اضافہ، گذشتہ چار ماہ میں ہونے والے اضافے کے برابر ہے۔ تیل پیداوار میں اضافہ عالمی معیشت کے مستحکم امکانات اور تیل کی مارکیٹ کی موجودہ اضافی طلب، خصوصاً ذخائر میں کمی جیسے مختلف صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ 5 دسمبر 2024 کے اس سابقہ معاہدے کے تسلسل میں کیا گیا ہے جس میں 2.2 ملین بیرل یومیہ کی رضاکارانہ کمی کو بتدریج اور لچکدار انداز میں بحال کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ یہ عمل یکم اپریل 2025 سے شروع ہو چکا ہے۔
اوپیک پلس نے واضح کیا کہ یہ اضافہ مارکیٹ کی صورت حال کے مطابق تبدیل یا وقتی طور پر معطل بھی کیا جا سکتا ہے تاکہ مارکیٹ کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئندہ اجلاس میں ستمبر کے لیے پیداوار کا تعین کیا جائے گا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
رکن ممالک نے پیداواری تعاون کے معاہدے پر اپنے عزم کا اعادہ کیا، جس میں اضافی رضاکارانہ اقدامات بھی شامل ہیں جن کی نگرانی 3 اپریل 2024ء کو ہونے والے 53 ویں وزارتی نگران اجلاس میں طے پائی تھی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جنوری 2024ء سے پیداوار میں ہونے والے اضافی حجم کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔
تنظیم نے فیصلہ کیا کہ وہ ہر ماہ اجلاس منعقد کرے گی تاکہ مارکیٹ کی پیش رفت، رکن ممالک کی وابستگی اور ازالے کے منصوبوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔
آئندہ اجلاس 3 اگست 2025ء کو ہوگا جس میں ستمبر کے لیے پیداوار کی سطح کا تعین کیا جائے گا۔