’ایک ٹیلی فون کال نے مشکل آسان کردی‘ غیر ملکی خاتون عجمان پولیس کی میزبانی کی معترف
متحدہ عرب امارات میں عجمان پولیس نے افریقی ملک سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاح کی میزبانی کی جن کی گاڑی سنسان مقام پرخراب ہو گئی تھی۔
امارات الیوم کے مطابق افرایقی ملک سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاح جو عرب ممالک کے سیاحتی سفر پر تھیں عجمان سے عمان جاتے ہوئے امارات کے علاقے مصفوت کی سنسان شاہراہ پر ان کی گاڑی خراب ہو گئی جس پر انہیں مدد کےلیے پولیس کو کال کرنا پڑی۔
امارت کے ریجن مصفوت پولیس کے چیف میجرعبدالرحمن الکعبی نے بتایا مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے اطلاع ملی کہ ایک شاہراہ پر خاتون سیاح کی گاڑی خراب ہو گئی ہے اور وہ مدد کی منتظر ہیں۔
اطلاع ملتے ہیں قریبی پٹرول پارٹی کو خاتون کی لوکیشن ارسال کی گئی تاکہ وہ ان کی فوری مدد کریں۔
ریسکیو پارٹی نے خاتون کی گاڑی کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ خرابی معمولی نہیں، گاڑی کو ورکشاپ لے جانے کی ضرورت ہے۔
پولیس اہلکاروں نے خاتون کو اپنی گاڑی میں شہر پہنچایا اور انہیں پولیس سٹیشن کے ریسٹ ہاوس میں قیام کرایا گیا علاوہ ازیں کھانے کی اشیا بھی فراہم کی گئیں۔
پولیس کے دوسرے یونٹ نے ان کی گاڑی قریبی ورکشاپ میں پہنچا دی جہاں اسے درست ہونے میں ایک دن لگا۔
مثالی میزبانی پر خاتون سیاح نے علاقائی پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا’ جس مشکل صورتحال کا مجھے سامنا کرنا پڑا تھا محض ایک ٹیلی فون کال نے میری مشکل آسان کردی اور مجھے مثالی میزبان میسر آئے۔‘
