اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے رکن انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن ( آئی ٹی ایف سی) نے پاکستان کے ساتھ 513 ملین ڈالر کی مالی معاونت کا معاہدہ کیا ہے۔
سنڈیکیٹڈ مرابحہ فنانسنگ سہولت سے پاکستان کی توانائی کی اہم ضروریات کو سپورٹ کیا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں
مالی معاونت خام تیل، پٹرولیم مصنوعات اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد کے لیے استعمال کی جائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب آئی ڈی بی کے صدر دفتر میں منعقد کی گئی جس میں پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور نے نمائندگی کی۔
تقریب میں آئی ڈی بی کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر بھی موجود تھے۔ آئی ٹی ایف سی کے سی ای او انجینیئرادیب الاعمی جبکہ وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقعے پر ادیب الاعمی کا کہنا تھا ’سال 2008 سے پاکستانی حکومت کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے نتیجے میں 8.1 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ تجارتی مالی معاونت کی منظوری دی گئی ہے جو اقتصادی ترقی کے حوالے سے ہمارے پختہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
ڈاکٹر کاظم نیاز نے تصدیق کی کہ یہ مالی تعاون پاکستان کی تجارتی صلاحیتوں کو تقویت اور پائیدار ترقی کے حصول میں معاون ثابت ہو گی۔
انہو ں نے واضح کیا کہ پاکستان مضبوط شراکت داریوں اور بہتر اقتصادی تعاون کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کی جانب سے مسلسل معاونت پر تشکر کا اظہار کیا۔
یہ فنانسنگ رکن ملکوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کےلیے موثر، شریعت کے مطابق تجارتی حل فراہم کرنے کےلیے کی مسلسل کوششوں کو ظاہر کرتی ہے۔