سعودی وزیر اقتصاد اور منصوبہ بندی فیصل بن فاضل الابراہیم سے منگل کو نیویارک میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ ملاقات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اعلی سطح کے سیاسی فورم کے دوران ہوئی۔
ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے، پبلک پالیسیوں کو مربوط کرنے اور دونوں ملکوں میں پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، دیرپا امن، خوشحالی اور علاقائی ہم آہنگی کے مشترکہ وژن پر بات چیت ہوئی۔ تحفظ خوارک، مینوفیکچرنگ، کان کنی اور معدنیات سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔
دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔