مملکت میں فارمیسی کے شعبے میں سعودائزیشن پر مرحلہ وار عمل درآمد جاری ہے۔ فارمیسز کی سعودائزیشن کے نئے مرحلے کا آغاز مملکت کی سطح پر آج بروز اتوار سے کیا جائے گا۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی نے وزارت صحت کے تعاون سے فارمیسز میں سعودائزیشن کرنے کے لیے مختلف مراحل کا اعلان کیا تھا۔
سعودائزیشن کا مقصد فارمیسز کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ سعودی مرد وخواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
اتوار 27 جولائی سے شروع ہونے والے مرحلے کے تحت کمیونٹی فارمیسز میں 35 فیصد جبکہ ہسپتال فارمیسی میں 65 اور دیگر فارمیسز میں 55 فیصد سعودی شہریوں کو روزگار دینا ضروری ہو گا۔
مزید پڑھیں
وزارت افرادی قوت کی جانب سے پہلے ہی اس بارے میں تمام فارمیسی مالکان اور اداروں کو متنبہ کیا جا چکا ہے جس کا آغاز 27 جولائی 2025 سے کیا جائے گا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ سعودائزیشن کے حوالے سے مذکورہ فیصلہ 21 زمروں میں کام کرنے والوں کے لیے ہو گا جن میں سرفہرست جنرل فارماسسٹ، کلینکل فارماسسٹ، ادارتی فارماسسٹ اور فارمیسی ٹیکنیشنز شامل ہیں۔
گزشتہ برس کے اعداد و شمار کے مطابق مملکت میں فارمیسز کی تعداد 14 ہزار کے قریب ہے جن میں نجی اور کمپنیز کی فارمیسز شامل ہیں۔
نجی فارمیسز (انفرادی) کا تناسب 80 سے 85 فیصد ہے جبکہ ہسپتالوں اور طبی مراکز کی فارمیسز کا تناسب 15 سے 20 فیصد کے قریب ہے۔