Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں وال مارٹ سٹور پر چاقو کے حملوں سے 11 افراد زخمی، مشتبہ شخص گرفتار

پولیس نے لوگوں کو ہدایت کی ہے جائے وقوعہ سے دور رہیں (فوٹو: اے پی)
امریکی ریاست مشی گن کے شہر ٹریورس میں وال مارٹ سٹور پر چاقو کے حملوں میں کم از کم 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق شعبہ صحت کے ترجمان میگن براؤن کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ ہسپتال پہنچائے گئے تمام افراد چاقو کے وار سے زخمی ہوئے اور ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی حالت کے حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی۔
مشن گن پولیس کے شیرف آفس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم ابھی بہت کم تفصیلات معلوم ہو سکی ہیں۔
پولیس نے شہریوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
 واقعے کے بعد وال مارٹ سٹور کے قریب فائر ٹرک اور پولیس کی درجنوں گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔
مشی گن کی گورنر گریچن وٹمر نے کہا ہے کہ ان کا آفس اس ’خوفناک خبر‘ کے حوالے سے پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ان کے مطابق ’ہماری ہمدردیاں اس وحشیانہ عمل کا نشانہ بننے والے افراد اور متاثر ہونے والی کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔‘
والمارٹ کے ترجمان جو پیننگٹن کی جانب سے ایک ای میل کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ ’کمپنی پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔‘
تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر ڈین بونگینو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ بیورو افسران واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے پولیس کو مناسب سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔
ٹریورس شہر مشی گن جھیل کے کنارے واقع ایک مشہور پرفضا مقام ہے جہاں لوگ چھٹیاں گزارنے کے لیے آتے ہیں۔
یہ شہر چیری فیسیٹول، باغات اور لائٹ ہاؤسز کے لیے بھی کافی مشہور ہے اور مشرق کی طرف سلیپنگ بیئر لیک شور سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

 

شیئر: