برطانیہ میں سعودی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ’کیمبرج کے جنوب میں سعودی شہری پر حملے کے واقعہ کو فالو کررہے ہیں جس میں اس کی موت واقع ہوئی۔‘
سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ’ نعش کی مملکت منتقلی کے حوالے سے ضروری طریقہ کار مکمل کرنے اوراس واقعہ کے محرکات جاننے کے لیے برطانوی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘
علاوہ ازیں کیمبرج پولس نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے طالبعلم کی ہلاکت کے بعد ایک 21 سالہ شخص پرعوامی مقام پر قتل اور چاقو رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
برطانیہ میں سعودی طالبعلم کا قتل، دو مشتبہ افراد سے تحقیقاتNode ID: 892977
بیان میں پولیس نے چاقو گھوپنے کے اس واقعہ کو بلا اشتعال حملہ قرار دیا۔
مشتبہ شخص کو پیرکو پیٹرو بورو مسجٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ پوسٹ مارٹم منگل کو کیا جانا ہے۔
پولیس نے بتایا دوسرا شخص جس کی عمر50 برس ہےکو، ایک مجرم کی مدد کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا، وہ بھی زیرحراست ہے۔
یاد رہے کیمبرج کے جنوب میں واقع مل پارک میں 20 سالہ سعودی طالبعلم محمد القاسم کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
برطانوی پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔
محمد القاسم سعودی شہری اورای ایف انٹرنیشنل لینگویج کیمپس کا طالبعلم تھا جو ایک نجی سکول ہے۔
سکول انتظامیہ نے طالبعلم کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ’ ہم پولیس کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں جو اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔‘
’ہم اس المناک واقعہ سے متاثرہ تمام طلبا اور عملے کو مدد فراہم کر رہے ہیں، ہم نے کونسلنگ سیشن کا اہتمام کیا ہے۔ تمام طلبا کی سیفٹی اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔‘