برطانیہ کے شہر کیمبرج کے جنوب میں واقع مل پارک میں ایک سعودی طالبعلم کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔
الاخباریہ کے مطابق برطانوی پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے، ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
21 سالہ شخص کو قتل کے شبے جبکہ 50 سالہ شخص کو مجرم کی مدد کرنے کے شبے میں حراست میں لیا گیا۔
کیمبرج پولیس کو گزشتہ جمعے ایک پرتشدد واقعہ کی اطلاع ملی۔ جائے وقوعہ پر 20 سالہ طالبعلم شدید زخمی حالت میں ملا جسے مردہ قرار دیا گیا۔
سعودی نوجوان ای ایف انٹرنیشنل لینگویج کیمپس کا طالبعلم تھا جو ایک نجی سکول ہے۔
سکول انتظامیہ نے طالبعلم کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ’ پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔‘
’ہم اس المناک واقعہ سے متاثرہ تمام طلبا اورعملے کو مدد فراہم کررہے ہیں، ہم نے کونسلنگ سیشن کا اہتمام کیا ہے۔ تمام طلبا کی سیفٹی اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔‘