سعودی عرب میں 2025 کی دوسری سہ ماہی میں تیل کے ماسوا برآمدات اور ری ایکسپورٹس 88 بلین ریال تک پہنچ گئیں، 17.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران حجم 74 بلین ریال تھا۔
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے پیر کو جون اور دوسری سہ ماہی 2025 کے حوالے سے بین الاقوامی تجارتی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق مملکت کی تیل کے ماسوا برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ تیل برآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے کے مطابق دوسری سہ ماہی میں نان آئل قومی برآمدات میں 5.6 فیصد جبکہ ری ایکسپورٹ ہونے والی اشیا کی برآمدات 46.2 فیصد بڑھ گئیں۔جون میں نان آئل قومی برآمدات میں 8.4 فیصد جبہ ری ایکسپورٹ ہونے والی اشیا کی مالیت میں 60.2 فیصد اضافہ ہوا۔

مجموعی برآمدات میں جون میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تیل برآمدات میں 2.5 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ تیل برآمدات کا حصہ مجموعی برآمدات سے کم ہوکر 70.2 فیصد رہ گیا ہے جو گزشتہ سال جون 2024 میں 74.7 فیصد تھا۔
جون 2025 میں سعودی عرب کا تجارتی سرپلس 10.6 فیصد بہتر ہوا ہے۔ کیمیکل مصنوعات تیل کے ماسوا برآمدات میں سرفہرست رہیں جبکہ مشینری اور برقی آلات سب سے زیادہ درآمد کی جانے والی اشیا میں شامل رہیں۔ چین بدستور سعودی عرب کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر رہا۔
دوسری سہ ماہی 2025 کے دوران تیل کے ماسوا برآمدات میں 17.8 فیصد کا سالانہ اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5.6 فیصد اور ری ایکسپورٹڈ میں 46.2 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

تاہم 2025 کی دوسری سہ ماہی میں مجموعی برآمدات میں 7.3 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جس کی بڑی وجہ تیل برآمدات میں 15.8 فیصد کی کمی ہے اس کمی کے بعد تیل برآمدات کا حصہ کم ہوکر 67.9 فیصد رہ گیا۔
دوسری سہ ماہی کے دوران تجارتی سرپلس میں 56.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم تیل کے ماسوا برآمدات کے مقابلے میں تناسب بہتر ہوکر 37.3 فیصد ہوگیا۔
جون کی طرح دوسری سہ ماہی میں بھی کیمیکل مصنوعات تیل کے ماسوا برآمدات میں اور مشینری و برقی آلات درآمدات میں سرفہرست رہے جبکہ چین بدستور سعودی عرب کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر رہا۔