ریاض ایئرپورٹ سب سے زیادہ مصروف، جدہ دوسرے نمبر پر
’گزشتہ سال ریاض ایئرپورٹ سے 16.4 ملین مسافروں نے اندرون ملک سفر کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ ریاض کا کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ اندرن ملک پروازوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ مصروف ہوائی اڈہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’گزشتہ سال ریاض ایئرپورٹ سے 16.4 ملین مسافروں نے اندرون ملک سفر کیا ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’اندرون ملک پروازوں کے لیے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ مصرف ہوائی اڈہ جدہ کا کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جس کے ذریعہ 13.5 ملین مسافروں نے سفر کیا ہے‘۔
’تیسرے نمبر پر دمام کا کنگ فہد انٹر نیشنل ایئرپورٹ ہے جبکہ ابہا ایئرپورٹ چوتھے اور جازان ایئرپورٹ پانچویں نمبر ہے‘۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جدہ، قاہرہ اور ریاض، دبئی کے درمیان پروازیں دنیا کے سب سے زیادہ مصروف 10 بین الاقوامی فضائی راستوں میں شامل رہیں جو نشستوں کی دستیابی کے اعتبار سے نمایاں ہیں۔
اسی طرح ریاض، جدہ کا اندرونی فضائی راستہ بھی 2023 میں دنیا کے سب سے زیادہ مصروف 10 مقامی روٹس میں شمار کیا گیا ہے۔